25

دہلی میں احتجاج کیلئے منریگا جاب ہولڈروں کو پہنچانے کیلئے ترنمول کانگریس نے خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے

کلکتہ گاندھی جینتی اور 3اکتوبر کو قومی راجدھانی دہلی میں ترنمول کانگریس کے احتجاجی پروگرام کیلئے اسپیشل ٹرین کی اجازت نہیں ملنے کے بعد ترنمول کانگریس نے پانچ ہزار منریگا مزدوروں کو دہلی پہنچانے کیلئے خصوصی بسوں کا اہتمام کیا ہے جو آج صبح سے ہی دہلی کیلئے روانہ ہورہی ہیں ۔
ترنمول کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے یواین آئی کو بتایا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ مرکزی اسکیموں کے فنڈ روکے جانے کے خلاف ہمارا احتجاج حسب پروگرام دہلی میں منعقد ہوگااور بڑی تعداد میں بنگال کے عوام شرکت کریں گے ۔ریلوے نے ہمیں مایوس کیا ہے مگر ہم نے بنگال سے بڑی تعداد میں عوام کو پہنچانے کیلئے خصوصی بسو ں کا انتظام کرلیا ہے جو آج کلکتہ سے روانہ ہورہی ہیں۔
ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے جمعہ کو اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی 3 اکتوبر کو ہونے والے احتجاجی پروگرام میںپارٹی حامیوں کو دہلی پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کررہی ہے۔بی جے پی ہماری راہ مایں روکاوٹیں ڈال رہی ہیں مگر ہم احتجاج کرنے اور عوام کی آواز بلند کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ہمیں خصوصی ٹرین فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا ہے ۔ہم نے منریگا کارکنان کو دہلی پہنچانے کے لیے خصوصی بسوں کا متبادل انتظامات کیے ہیں۔ چونکہ یہ بسیں بی جے پی کے زیر اقتدرا رریاستوں سے گزریں گی، اس لیے ہم نے حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پائلٹ کاروں کا بھی انتظام کیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق ہر بس میں 100 دن کے جاب کارڈ ہولڈرز کا خیال رکھنے کے لیے ترنمو ل کانگریس کے لیڈر اور کارکن بھی ہوں گے۔ ہنگامی طبی امداد کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا تھا کہ احتجاجی پروگرام کے لیے مغربی بنگال سے نئی دہلی کے لیے اسپیشل ٹرین کے لیے ان کی درخواست کو ریلوے نے مسترد کر دیا ہے۔ مشرقی ریلوے نے دعویٰ کیا کہ آئی آر سی ٹی سی نے مطلوبہ تعداد میں کوچز فراہم کرنے سے منع کردیا ہے۔مغربی بنگال میں 2.65کروڑ منریگا کارڈ ہولڈر س ہیں ان میں سے ہزاروں افراد دہلی جانے کیلئے کلکتہ پہنچ چکے ہیں ۔ترنمول کانگریس نے کہا کہ ہم نے 23ستمبر کو درخواست دی تھی کہ ہمیں احتجاج میں لے جانے کیلئے خصوصی ٹرین دی جائے لیکن آج ہمیں اجازت نہیں دی گئی۔تقریباً 5000 لوگوں کو 30 ستمبر کو ایک خصوصی ٹرین سے دہلی کے لیے روانہ ہونا تھا۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی اسپین دورے کے دوران زخمی ہوگئی تھیں ، ان کے پائوں میں چوٹ آئی ہے۔ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے اس لئے ان کے پروگرام میں شرکت کو لے کر ابھی تک قیاس آرائی کی جارہی ہے۔ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق 50بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ہرایک بس میں 70مسافر سوار ہیں ۔

کیٹاگری میں : state

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں