33

لولینا نے جیتا ہندوستانیوں کا دل، پریتی بھی سیمی فائنل میں

ہانگژو، ٹوکیو اولمپک کی برونز میڈلسٹ اور موجودہ عالمی چیمپئن لولینا بورگوہین نے ایشین گیمز کے باکسنگ میں خواتین کے 75 کلوگرام سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ہندوستان کے لیے ایک تمغہ یقینی بنا لیا۔
لولینا نے ہفتہ کو کوارٹر فائنل میں کوریا کی سویون سیونگ کو متفقہ فیصلے (5-0) سے شکست دی اور آخری چار میں اپنی جگہ پکی کی۔ ہندوستانی باکسر نے مقابلے کے آغاز سے ہی حریف باکسر پر دباؤ برقرار رکھا اور اپنے فٹ ورک کا بہترین استعمال کرتے ہوئے رائٹ ہینڈ جیب کا بخوبی استعمال کیا اور اس مقابلے کو اپنے نام کرلیا۔
ایک اور میچ میں ہندوستانی باکسر پریتی پوار نے خواتین کے 54 کلوگرام کوارٹر فائنل میں قازقستان کی زینا شیکیربیکووا کو 4-1 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس کے ساتھ ہی پریتی پوار نے ہندوستان کے لیے اگلے سال ہونے والے پیرس 2024 اولمپک کوٹہ بھی حاصل کیا۔
واضح رہے کہ نیشنل اولمپک کمیٹی کے پاس اولمپک کھیلوں میں اپنے متعلقہ ممالک کی نمائندگی کرنے کا خصوصی حق حاصل ہے۔ پیرس گیمز میں ایتھلیٹس کی شرکت ان کے این اوسی پر منحصر ہے، جو انہیں پیرس 2024 میں اپنے وفد کی نمائندگی کرنے کے لیے منتخب کرتی ہے۔
لولینا بورگوہین 75 کلوگرام میں مقابلہ کر رہی ہیں، اس لیے انہیں پیرس 2024 کا کوٹہ حاصل کرنے کے لیے اب بھی ایک اور مقابلہ جیتنے کی ضرورت ہے۔ پریتی پوار کو قازقستان حریف کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی باکسر نے ابتدائی راؤنڈ میں معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی، لیکن زینا شیکیربیکووا نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار واپسی کی۔ تیسرے راؤنڈ میں دونوں باکسر آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اس دوران پریتی نے اس میچ کو اپنے نام کرنے کے لئے کئی بہترین پنچ جڑے۔
دن کے دیگرمقابلے میں ہندوستان کے سچن سیواچ کو کویت کے ترکی ابوکوتھیلا سے واک اوور ملا اور انہوں نے مردوں کے 57 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ نریندر بیروال نے مردوں کے +92 کلوگرام زمرے میں ایران کے ایمان رمضان پور دلاور کو متفقہ فیصلہ (5-0) سے شکست دے کرہندوستان کے لیے تمغہ یقینی بنایا۔
لولینا بورگوہین اور پریتی پوار اپنا سیمی فائنل میچ 3 اکتوبر کو کھیلیں گی۔ جہاں بورگوہین کا مقابلہ تھائی لینڈ کے بائسن مانیکون سے ہوگا، وہیں پوار طلائی تمغہ کے مقابلے میں جگہ بنانے کے لیے چین کے چانگ یوان سے مقابلہ کریں گی۔

کیٹاگری میں : Sports

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں