لکھنؤ: سال 2018 میں پورے ملک میں کرشی کمبھ کا کامیاب انعقاد کر کے داد تحسین حاصل کرنے کے بعد اترپردیش کی یوگی حکومت اس پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں کررہی ہے جو کہ اسی سال دوسمبر کے دوسرے ہفتے میں ممکن ہے۔یہ عالمی پروگرام ہوگا۔
ہفتہ کو کرشی کمبھ۔2.0 کی تیاریوں کا ایک اعلی میٹنگ میں جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست کا ہر ضلع اور ملک کا ہر صوبہ یوپی کے کرشی کمبھ۔2.0 میں شریک ہونا چاہئے۔زرعی شعبے میں ہونے والے بہترین استعمالات کو اجاگر کیا جائے۔
یہ ہمارے کسانوں کو تکنیکی نقطہ نظر سے زیادہ خوشحال بننے کے قابل بنائے گا۔ یہ تقریب بیج سے لے کر مارکیٹ تک دنیا بھر میں زرعی شعبے میں اپنائی جانے والی ٹیکنالوجی اور اختراعات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ امکان ہے کہ تقریبا 2لاکھ سے زیادہ کسان،10شراکت دار ممالک اور تقریبا 500سے زیادہ قومی،بین الاقوامی کمپنیاں اور انڈسٹریز دوسرے مرحلے کے کرشی کمبھ میں شریک ہوں۔
وفاقی وزراء، معرف قومی و بین الاقوامی کمپنیاں،زرعی اور اس سے متعلق اداروں،تمام زرعی یونیورسٹیز،زرعی سائنس سنٹر،ترقی پسند کسانوں کو اس پروگرام میں شرکت کے لئے بلایا جانا چاہئے۔عالمی سطح کے کانفرنس پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک بشمول جاپان، اسرائیل، کوریا، پولینڈ، پیرو، جرمنی، یو ایس اے، فلپائن، ساوتھ کوریا اور انڈونیشیا میں زراعت سے متعلق متعدد اختراعی کام کئے جارہے ہیں۔
گلوبل انوسٹر سمٹ کی طرح متعلقہ ممالک میں ہندوستانی سفارت خانوں اور ہائی کمیشن سے متعلق رابطہ کی کوشش کی جانی چاہئے اور ان ممالک کی کرشی کمبھ میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
