ہانگژو، ہندوستان کی جیوتی سریکھا وینم نے اتوار کو منعقدہ مقابلوں میں خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ تیر اندازی کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں ٹاپ مقام حاصل کیا۔ ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ ٹیم بھی پہلے نمبر پر رہی۔
چین میں 19ویں ایشیائی کھیلوں میں آج فویانگ ینہو اسپورٹس سینٹر میں مقابلہ کرتے ہوئے جیوتی سوریکھا وینم (704 پوائنٹس) نے جنوبی کوریا کی جوڑی چایون سو (699 پوائنٹس) اور یوہیون اوہ (697 پوائنٹس) کو شکست دے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کے کمپاؤنڈ میں موجودہ عالمی چیمپئن ہندستان کی ادیتی گوپی چند سوامی چوتھے (696 پوائنٹس) جبکہ پرنیت کور (687 پوائنٹس) اور اونیت کور (685 پوائنٹس) بالترتیب 12ویں اور 15ویں نمبر پر رہیں۔
دریں اثنا، ہندوستانی خواتین کی کمپاؤنڈ ٹیم نے ایلیمینیشن راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے 2087 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کیا ۔
مردوں کی کمپاؤنڈ کوالیفکیشن میں ہندوستان کے اوجس پروین دیوتلے (709 پوائنٹس) اور ابھیشیک ورما (708 پوائنٹس) انفرادی درجہ بندی میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ ہندوستانی کمپاؤنڈ تیر انداز پرتھمیش جاوکر (700 پوائنٹس) اور رجت چوہان (698 پوائنٹس) بالترتیب 10 ویں اور 16 ویں نمبر پر رہے۔ ہندوستان کی مردوں کی کمپاؤنڈ ٹیم 2117 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی کوریا کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔
کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں جیوتی سریکھا وینم اور اوجس پروین دیوتلے کی ہندوستانی جوڑی نے 1413 کے مجموعی اسکور کے ساتھ ٹاپ سیڈنگ حاصل کی۔
دریں اثنا، مردوں کے ریکرو کوالیفکیشن ایونٹ میں اتانو داس کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم 2022 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی اور ایلیمینیشن راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
انفرادی کوالیفکیشن میں اولمپین اتانو داس (678 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر رہے، جب کہ دھیرج بومادیوارا (675 پوائنٹس)، تشار شیلکے (669 پوائنٹس) اور مرنل چوہان (667 پوائنٹس) بالترتیب ساتویں، 15ویں اور 17ویں نمبر پر رہے۔ خواتین کے ریکرو انفرادی کوالیفکیشن میں، تمام چاروں ہندوستانی تیر انداز ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے۔ انکیتا بھکتا (649 پوائنٹس) 14ویں پوزیشن پر بہترین ہندوستانی تیر انداز رہیں۔ بھجن کور (640 نمبر)، سمرن جیت کور (640 نمبر) اور پراچی سنگھ (593 نمبر) بالترتیب 18 ویں، 19 ویں اور 55 ویں نمبر پر رہیں۔
ریکرو مکسڈ ٹیم ایونٹ میں انکیتا بھکتا اور اتانو داس کی ہندوستانی جوڑی 1327 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔
خیال ر ہے کہ اس بار ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں 16 رکنی ہندوستانی تیر اندازی ٹیم بھیجی ہے۔ ایشین گیمز میں تیر اندازی کے مقابلے 7 اکتوبر تک ہوں گے۔
