نئی دہلی، عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج کہا کہ یہ انتہائی افسوس اور شرم کی بات ہے کہ اننت ناگ میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے فوج کے جوان اور پولیس اہلکار شہید ہورہے تھے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت جشن منانے میں مصروف تھی عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اننت ناگ واقعہ سے پورا ملک صدمے میں ہے۔ دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے فوج کے دو جوان اور ایک پولیس افسر شہید ہو گئے۔ ایک طرف پورے ملک کو ان عظیم بیٹوں پر فخر ہے تو دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو شرم آنی چاہئے کہ کل جب ہمارے شہیدوں کا جنازہ اٹھ رہا تھا تو وہ جشن منانے میں مصروف تھے۔ جہاں ایک باپ اپنے بیٹے کو نم آنکھوں کے ساتھ خراج عقیدت پیش کر رہا تھا وہیں جی۔20 میں مودی-مودی کے نعرے لگا کر جشن منایا جا رہا تھا۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے انتہائی شرم کی بات ہے کہ ملک کے وزیر اعظم ایسے واقعات پر جشن کیوں منا رہے ہیں۔ جب پلوامہ میں ہمارے فوجی شہید ہوئے تو ہمارے ملک کے وزیر اعظم اتراکھنڈ میں شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ گھنٹوں بعد انہیں احساس ہوا کہ اب ہمیں ڈسکوری کی شوٹنگ چھوڑ دینی چاہیے۔ ملک میں لاکھوں لوگ کورونا کی وبا میں مر رہے تھے۔ قبرستان میں لاشیں پڑی تھیں۔ لوگوں کے پاس گنگا کے گھاٹوں پر آخری رسومات ادا کرنے کی جگہ نہیں تھی۔ اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی بنگال انتخابات میں مصروف تھے۔ پچھلے تین دنوں سے جب دہشت گردانہ حملے ہو رہے ہیں اور ہمارے جوان اور پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں، آپ جشن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس پر کارروائی نہیں کرتی ہے تو ایوان کا خصوصی اجلاس شروع ہونے والا ہے، عام آدمی پارٹی اس معاملے کو ایوان میں اٹھائے گی۔