آکلینڈ، ہینری شپلی (31/5) کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو یہاں پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 198 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے سامنے 275 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم صرف 19.5 اوورز میں 76 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہ رنز کے لحاظ سے سری لنکا کی پانچویں بڑی شکست ہے۔
ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سری لنکا نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں اور فن ایلن کے علاوہ کسی کیوی بلے باز کو ففٹی اسکور کرنے نہیں دیا۔ اوپنر ایلن نے 49 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ڈیرل مچل نے 58 گیندوں پر 47 جبکہ راچن رویندرا نے 52 گیندوں پر 49 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرونارتنے نے چار اور لاہیرو کمارا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ دسن شناکا اور دلشان مدوشنکا کو ایک ایک کامیابی ملی۔
ہدف کا تعاقب کرنے آئے سری لنکن بلے باز ایڈن پارک کے باؤنس میں پھنس گئے اور تیزی سے پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کے آٹھ بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے جبکہ اینجلو میتھیوز نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے۔
شپلی نے سات اوورز میں 31 رن دے کر کیرئیر کی بہترین گیند بازی کی۔ اس کے علاوہ مچل اور بلیئر ٹکنر نے دو دو کامیابیاں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
