20

بی جے پی ملک میں روس اور چین جیسی جمہوریت لانا چاہتی ہے – ڈگ وجے

گوالیار، کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ڈگ وجے سنگھ نے آج مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر روس اور چین کی طرح ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سے متعلق سوالات کے تناظر میں کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ روس اور چین کی طرح ملک میں جمہوریت لانا چاہتے ہیں۔ ان دونوں ممالک میں اپوزیشن کا کوئی لیڈر احتجاج کرتا ہے تو اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔
سابق وزیراعلی نے مسٹر گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ انہوں نے ملکی مفاد میں سوالات کیے اور ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہیں بولنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ کانگریس اس سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ مسٹر گاندھی کے خلاف کی گئی کارروائی کے خلاف پارٹی پورے ملک میں احتجاج کر رہی ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے صرف یہ پوچھا ہے کہ ملک کے صنعتکار اڈانی کی کمپنیوں میں 20,000 کروڑ روپے کیسے آئے؟ انہوں نے کہا کہ ہنڈنبرگ کی رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے حصص میں زبردست گراوٹ ہوئی اور سرمایہ کاروں کو بھاری رقم کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اڈانی کیس کی تحقیقات کے لیے جے پی سی (مشترکہ پارلیمانی کمیٹی) کی تشکیل کا مطالبہ کر رہی ہے، اس پر غور کیوں نہیں کیا جا رہا ہے۔

کیٹاگری میں : States

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں