نئی دہلی، کانگریس نے صدر دروپدی مرمو سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت فوج کو سیاسی مہم کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے اور ایسا نہیں کرنا چاہیے، اس لیے صدر کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جے رام رمیش نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا، ’’ہندوستانی فوج پورے ملک کی فوج ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہماری بہادر فوج کبھی بھی ملک کی اندرونی سیاست کا حصہ نہیں بنی۔ ساڑھے 9 سالہ حکومت کے دوران مہنگائی، بے روزگاری اور تمام محاذوں پر ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد مودی حکومت اب فوج سے اپنی سیاسی تشہیر حاصل کرنے کی انتہائی ناقص کوشش کر رہی ہے۔ فوج کو سیاسی رنگ دینے کی یہ کوشش ایک انتہائی خطرناک قدم ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہم ہندوستانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر دروپدی مرمو جی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مودی حکومت کو فوری طور پر اس غلط قدم کو واپس لینے کی ہدایت کریں۔ .
اس کے ساتھ پارٹی نے ایک اخبار میں شائع ہونے والی یہ خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوج سرکاری اسکیموں کو فروغ دے گی اور ملک کے نو شہروں میں سیلفی پوائنٹ بنائے جائیں گے۔