48

دنیا ترقی میں ہندوستان کی پیشرفت، غریبوں کے فلاح وبہبود سیکھنا چاہتی ہے: مودی

رائے گڑھ (چھتیس گڑھ)، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ جی 20 کانفرنس میں دنیا بھر سے آنے والے تمام اہم رہنما جدید ترقی اور غریبوں کی فلاح و بہبود میں ہندوستان کی کامیابی سے متاثر ہوئے اور آج دنیا ہندوستان کی ان کامیابیوں سے کچھ سیکھنا چاہتی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ یہ کامیابی اس لیے ہے کہ آج حکومت ہر ریاست اور ہر علاقے کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر ملک کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم رائے گڑھ میں ریلوے کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھ، مرکزی وزیر رینوکا سنگھ، علاقے کے ایم پی اور ریاست کے کئی ایم ایل ایز اس تقریب میں موجود تھے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ’’جدید ترقی کی تیز رفتاری کے ساتھ ساتھ غریبوں کی بہبود کے ہندوستانی ماڈل کو بھی آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور اس کی تعریف کر رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ “بڑے ممالک کے تمام سربراہان مملکت اور حکومتیں جو گزشتہ ہفتے نئی دہلی میں منعقدہ سمٹ میں آئے تھے، ترقی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہندوستان کی کوششوں سے متاثر ہوئے ہیں۔”
وزیر اعظم نے کہاکہ “آج دنیا کی بڑی تنظیمیں ہندوستان کی کامیابی سے سیکھنے کی بات کر رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آج ملک کی ہر ریاست اور ہر علاقے کو ترقی میں یکساں ترجیح مل رہی ہے اور جیسا کہ نائب وزیر اعلیٰ (سنگھ دیو) نے کہاکہ ہمیں مل کر ملک کو آگے بڑھانا ہے۔ چھتیس گڑھ اور رائے گڑھ کا یہ علاقہ بھی اس کا گواہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ”ہمیں امرت کال کے اگلے 25 سالوں میں اپنے ملک کی ترقی کرنی ہے۔ یہ کام اسی وقت مکمل ہو گا جب ہر ملک کی ترقی میں یکساں حصہ داری ہو گی۔
وزیر اعظم نے جن منصوبوں کا یہاں افتتاح کیا ان میں اس ضلع میں این ٹی پی سی کے 800-800 میگاواٹ کے سپر تھرمل پاور پلانٹ کے دو یونٹوں کے لیے میری گو راؤنڈ (ایم جی آر) سسٹم کا افتتاح بھی شامل ہے، جو کان اور پاور پلانٹ کے درمیان کوئلے کی نقل و حمل کو موثر بنائے گا اور اخراجات کو کم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج چھتیس گڑھ ترقی کی طرف ایک اور بڑا قدم اٹھا رہا ہے۔ ریاست کو 6400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے پروجیکٹوں کا انعام مل رہا ہے۔ توانائی کی پیداوار میں اس ریاست کی صلاحیت کو بڑھانے اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے آج کئی نئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔

کیٹاگری میں : state

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں