پونے: درست باؤلنگ اور چست فیلڈنگ کی بدولت افغانستان نے پیر کو یہاں ورلڈ کپ میچ میں سری لنکا کو 241 تک محدود کردیا۔
مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے بعد افغانستان کے باؤلرز لائن لینتھ پر بولنگ کر کے سری لنکن بلے بازوں کو محدود رکھنے میں کامیاب رہے۔ مجیب الرحمان نے اپنے دس اوور کے اسپیل میں صرف 38 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے سامنے سری لنکن بلے باز صرف دو بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار لے جا سکے۔ دوسری جانب فضل الحق فاروقی نے 34 رنز دے کر چار اہم بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔
فاروقی نے دیموتھ کرونارتنے (15) کو ایل بی وِنگ آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، تاہم تجربہ کار پتھم نسانکا (46) نے کپتان کوسل مینڈس (39) کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ دونوں بلے باز 19ویں اوور کے آغاز تک اسکور کو 84 رنز تک لے گئے تھے لیکن اسی دوران نسانکا عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر پنچ لگانے کی کوشش میں وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے، بعد ازاں مجیب الرحمان نے اپنے مسلسل دو اوورز میں کوسل مینڈس اور سدیرا کو آؤٹ کیا۔ سماراویکراما (36) کی وکٹ لے کر سری لنکا کو بیک فٹ پر ڈال دیا گیا۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ 167 کے سکور پر دھننجے ڈی سلوا (14) کی صورت میں گری جو راشد خان کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور سری لنکا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔
