نئی دہلی، ملک کے کونے کونے میں سینک اسکولوں کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت حکومت نے 23 نئے سینک اسکولوں کو منظوری دی ہے۔
کلاس 6 سے شروع ہونے والے یہ سینک اسکول غیر سرکاری تنظیموں، نجی اسکولوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ شراکت داری میں ترتیب وار کھولے جائیں گے۔ ان اسکولوں کو 100 نئے سینک اسکول قائم کرنے کے حکومتی اقدام کے حصے کے طور پر منظور کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت سینک اسکول سوسائٹی کی جانب سے نئے سینک اسکولوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مختلف درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد 23 نئے اسکول کھولنے کی منظوری دی ہے۔ اس پہل سے سینک اسکول سوسائٹی کے زیراہتمام پارٹنر شپ موڈ کے تحت کھلنے والے نئے سینک اسکولوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہو گئی ہے، اس کے علاوہ موجودہ 33 سینک اسکول پہلے سے ہی سابقہ پیٹرن کے تحت کام کر رہے ہیں۔
نئے سینک اسکولوں کے قیام کا مقصد طلباء کو قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کرنا اور انہیں مسلح افواج میں شمولیت سمیت کیریئر کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ نجی شعبے کو، نوجوانوں کو کل کا ذمہ دار شہری بنا کر قوم کی تعمیر کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ نئے 23 سینک اسکولوں کی ریاست وار فہرست سینک اسکول کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے۔
نئے سینک اسکول، متعلقہ تعلیمی بورڈز سے الحاق کے علاوہ، سینک اسکول سوسائٹی کے زیراہتمام کام کریں گے اور سوسائٹی کی طرف سے مقررکردہ شراکت داری موڈ میں نئے سینک اسکولوں کے لیے قواعد و ضوابط پر عمل کریں گے۔ وہ اپنے باقاعدہ الحاق شدہ بورڈ کے نصاب کے علاوہ سینک اسکول پیٹرن کے طلباء کو اکیڈمک پلس کورسز کی تعلیم بھی فراہم کریں گے۔