40

فریادی کو دفتر میں مرغا بنانے والے ایس ڈی ایم پرکارروائی

بریلی، اترپردیش میں بریلی کی میر گنج تحصیل میں ایس ڈی ایم ادت پوار کوایک شکایت کنندہ کو مرغا بنانے کے معاملے میں ابتدائی جانچ میں قصوروار پائے جانے کے بعد ضلع ہیڈکوارٹرسے اٹیچ کر دیا گیا ہے۔
ایس ڈی ایم کے ذریعہ ایک شکایت کنندہ کو اپنے دفتر میں مرغا بنانے کا ویڈیو اور فوٹو وائرل ہونے کے بعد ہڑکمپ مچ گیا۔ معاملہ بڑھتا دیکھ کر ڈی ایم نے پورے معاملے کی جانچ کا حکم دیا اور ابتدائی جانچ میں ایس ڈی ایم کو قصوروار پایا اور ملزم ایس ڈی ایم کو میرگنج سے جمعہ کی دیر رات ہٹا کر ضلع ہیڈکوارٹرسے اٹیچ کردیا گیا۔
جمعہ کی شام میر گنج تحصیل کے منڈن پور گاؤں کے رہنے والے ایک نوجوان نے الزام لگایا کہ شمشان کی زمین کی پیمائش کرانے ایس ڈی ایم میر گنج ادت پوار کے پاس پہنچا تھا۔ اس کا الزام ہے کہ تجاوزات کی شکایت پر ایس ڈی ایم ناراض ہو گئے اور اسے اپنے ہی دفتر میں مرغا بنا دیا۔ کچھ لوگوں نے اس کا ویڈیو بنا کر وائرل کر دیا۔ ڈی ایم شیوکانت دویدی نے جانچ کرائی۔ ابتدائی جانچ میں قصوروار پائے جانے کے بعد ملزم ایس ڈی ایم ادت پوار کو جمعہ کی رات دیر گئے میر گنج تحصیل سے ہٹا کر ضلع ہیڈکوارٹر سے اٹیچ کر دیا گیا۔ رات میں ہی وہاں دیش دیپک سنگھ کو ایس ڈی ایم بنا دیا گیا۔
اس دوران ملزم ایس ڈی ایم ادت پوار نے مرغا بنانے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دفتر میں اچانک ایک نوجوان آیا اور وہ مرغا بن گیا، پیچھے سے آنے والے کچھ لوگوں نے ویڈیو بنا کر وائرل کر دیا۔ فی الحال ڈی ایم بریلی اس کی جانچ کر رہے ہیں۔

کیٹاگری میں : state

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں