26

بوپنا نے جیت کے ساتھ ڈیوس کپ کیریئر کیا مکمل

لکھنؤ، روہن بوپنا نے اپنے ساتھی یوکی بھامبری کے ساتھ مل کر اتوار کو یہاں ڈیوس کپ ورلڈ گروپ-2 کے ڈبلز میچ میں مراکش کے ایلیٹ بینچیٹرٹ اور یونس لالامی لاروسی کو 6-2، 6-1 سے شکست دیکر اپنے ڈیوس کپ کیریئر کا شاندار اختتام کیا۔
یہ 43 سالہ روہن بوپنا کا ڈیوس کپ کیریئر کا آخری میچ تھا۔ اپنے پارٹنر یوکی بھامبری کے ساتھ وجینت کھنڈ ہارڈ کورٹ پر کھیلے گئے میچ میں انہوں نے مراکش کے کھلاڑیوں کو سنبھلنے سے پہلے ہی اکھاڑ پھینکا۔ یو ایس اوپن میں ڈبلز کیٹگری کا فائنل کھیلنے کے بعد لکھنؤ آنے والے عالمی نمبر سات کھلاڑی نے کورٹ پر اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کیا اور ایک گھنٹہ گیارہ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اپنے حریفوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
جیت کے بعد کورٹ پر موجود شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر انہیں الوداع کہا۔ جذباتی بوپنا نے کورٹ پر ہندوستانی ٹیم کی جرسی اتار کر ڈیوس کپ کو الوداع کہہ دیا۔ ہندوستان کے سب سے معمر کھلاڑی نے اپنے ڈیوس کپ کیرئیر کے دوران کل 33 میچ کھیلے جن میں 13 ڈبلز میچ بھی شامل تھے جن میں سے انہوں نے 23 میں کامیابی حاصل کی۔
اس میچ میں ہندوستانی کھلاڑی مکمل طور پر مراکش پر حاوی رہے جو کمزور دکھائی دے رہے تھے۔ مراکش کے کھلاڑی اپنی سروس بچانے کے لیے جدوجہد کرتے نظر آئے۔ ہندوستان نے پہلا سیٹ صرف 34 منٹ میں جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی بوپنا نے سروس کی شاندار مثال پیش کی لیکن تیسرے گیم میں بھامبری کی سروس پر مراکشی ٹیم کو بریک پوائنٹ مل گیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم اسے بچانے میں کامیاب رہی۔
مراکش کے یونس نے چوتھے گیم میں اپنی سروس پر اسکور کو 40-0 کر دیا تھا لیکن اس کے بعد وہ اپنی سروس پر کنٹرول کھو بیٹھے جس کے نتیجے میں ہندوستان نے میچ جیت کر ہندوستان کو 2-1 کی برتری دلا دی۔

کیٹاگری میں : Sports

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں