جے پور، راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاست کے 99 کالجوں کے لیے 30 کروڑ روپے کے اضافی بجٹ کی فراہمی اور ضلع الور کے تہلہ میں دیو نارائن گرلز ریزیڈنشیل اسکول کے آغاز کو منظوری دی ہے جن کالجوں کے لیے مسٹر گہلوت نے اضافی بجٹ کی فراہمی کو منظوری دی ہے ان میں 72 مخلوط تعلیمی کالج اور 27 ویمنس کالج شامل ہیں اس رقم میں سے 28 کروڑ روپے ان کالجوں میں اضافی 114 کلاس رومز کی تعمیر کے لیے خرچ ہوں گے اور 2 کروڑ روپے ضروری مرمتی کام اور فرنیچر کی خریداری پر خرچ ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسٹر گہلوت نے ریاستی بجٹ 2023-24 میں ریاست کے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیمی اداروں میں ضرورت کے مطابق کلاس رومز، لائبریریوں اور آئی سی ٹی لیب کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے ضلع الور کے تہلہ میں دیو نارائن گرلز ریزیڈنشیل اسکول شروع کرنے کی منظوری دی ہے جس میں 280 طالبات کی گنجائش ہوگی اور اس میں کلاس 6 سے 12 تک کے لیے سہولت فراہم ہوگی۔
مسٹر گہلوت نے اس رہائشی اسکول کے لیے 23 نئی اسامیاں بنانے کو بھی منظوری دی ہے۔ ان عہدوں میں 6 لیکچرار، 2 سینئر اساتذہ، ٹیچر لیول-2، 3-3 لیبارٹری اسسٹنٹ اور لیبارٹری سرونٹ اور پرنسپل، فزیکل ٹیچر گریڈ-2، لائبریرین گریڈ-3، جونیئر اکاؤنٹنٹ، ہاسٹل سپرنٹنڈنٹ گریڈ-2 اور جونیئر اسسٹنٹ کا 1 عہدہ شامل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں ریاستی بجٹ میں اعلان کیا تھا۔