چنئی، بھگوان گنیش کی پیدائش کے موقع پر منایا جانے والا تہوار ونایک چتورتھی پیر کے روز پورے تمل ناڈو میں مذہبی جذبے اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ریاست بھر میں بھگوان گنیش کے سینکڑوں مندروں کو اس موقع کی مناسبت سے نئی شکل دی گئی ہے اور مندروں کو ایک ہفتہ تک چلنے والے تہوار کے لیے شاندار طریقے سے سجایا گیا ہے اور روشن کیا گیا ہے۔
ریاست بھر کے تمام مندر صبح 4 بجے ہی کھل گئے اور اس موقع پر خصوصی پوجا کی گئی۔ مندروں میں صبح سے ہی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے۔ اس مبارک دن پر گنپتی گنیش جی کو پوجا کرنے کے لیے ہزاروں لوگ قطاروں میں کھڑے دیکھے گئے۔ اس دوران عقیدت مندوں کے لیے خصوصی موسیقی اور ثقافتی پروگرام اور انادھانم (مفت کھانے) کے انتظامات بھی دیکھے گئے۔
اس تہوار کو منانے کے لیے، بھگوان گنیش کے تمام مندر، بشمول گلیوں اور اپارٹمنٹس کے ہر کونے میں رہائشی اداروں کے ذریعہ بنائے گئے چھوٹے مندروں کو تازہ پینٹ کیا گیا اور روشن کیا گیا ہے۔
تمل ناڈو کے پولس ڈائریکٹر جنرل شنکر جیوال نے کہا کہ مجسموں کی حفاظت پر 75 ہزار پولس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ مورتیوں کو جلوس کے طور پر لے جایا جائے گا اور سمندر اور دیگر مقامات پر وسرجن کیا جائے گا جن کی شناخت پولس اور ضلعی حکام 24 ستمبر (اتوار) کو کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ایک ہفتہ طویل میلہ ختم ہو جائے گا۔
چنئی میں، شہر کے مختلف حصوں میں مختلف سائز اور مختلف شکلوں کے بھگوان گنیش کی کل 1,343 مورتیاں کھڑی کی گئی ہيں۔ ریاست بھر میں تمام مورتیوں کو چوبیس گھنٹے پولیس کا تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔
تمل ناڈو کے گورنر آر این روی اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے ریاست کے عوام کو گنیش چتورتھی پر مبارکباد دی۔
