39

رمضان المبارک 2020 : چاند نظر آگیا ، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے دی مبارکباد

نئی دہلی، لکھنؤ (ایجنسی) رمضان المبارک کے مقدس ماہ کو چاند نظر آچکا ہے اور ہفتہ کو پہلا روزہ ہے ۔ ملک میں مختلف مقامات پر چاند نظر آنے کی رویت ہلال کمیٹیوں نے تصدیق کردی ہے ۔ امارت شرعیہ بہار اور ادارہ شرعیہ بہار سمیت ملک کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا ہے ۔ مورخہ 24 اپریل 2020 بزور جمعہ بہار اورملک کے مختلف صوبوں جیسے جھارکھنڈ ، اڑیسہ بنگال ، آسام ، اترپردیش اوردیگر جگہوں پر چاند کی عام رویت ہوئی ، اس لیے مورخہ 25 اپریل 2020 بزور سنیچرماہ رمضان المبارک 1441ھ کی پہلی تاریخ شمار ہوگی ۔ خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جمعہ کو پہلے روزہ تھا ۔

ذرائع کے مطابق لکھنؤ میں بھی چاند دیکھے جانے کی تصدیق ہوئی ہے، مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی اور امام عیدگاہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کہا کہ 25 اپریل 2020 بروز سنیچر کو رمضان المبارک کی پہلی تاریخ یعنی پہلا روزہ رکھا جائے گا اور آج ہی تراویح بھی ادا کی جائے گی.
رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے آغاز پر ہندوستان کی اہم سرکردہ شخصیات نے لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت متعدد سیاسی لیڈروں نے لوگوں کو مبارکباد دی ۔


ممتا بنرجی نے دی رمضان کی مبارکباد
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کرنے امن و امان اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ممتا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سب کو رمضان مبارک ہو! یہ مقدس مہینہ خوداحتسابی اور تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔ میری تمام نیک تمنائیں روزہ رکھنے والوں کے ساتھ ہے۔ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ اس وقت ہم سب مل کر کورونا وائرس کے خلاف جدو جہد کررہے ہیں اسلئے میری اپیل ہے کہ رمضان کے موقع پر بھی اپنے گھروں میں ہی رہ کر نماز ادا کریں ۔
مایا وتی نے رمضان میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی
بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے رمضان مہینہ کی نیک خواہشات دیتے ہوئے مسلسل سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرنے اور گھر پر ہی رہ کر نماز ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ مایاوتی نے جمعہ کو ایک ٹوئٹ سیریز میں کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر گھر پر رہ کر عبادت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسلم بھائیوں۔بہنوں اور ان کے کنبہ کو رمضان کے مبارک مہینہ کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ سحری سے لیکر شام تک کے روزہ روز مرہ کے کام کاج کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن، نماز، تراویح اور زکوۃ اس مہینہ کی خاص عباد تیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں