53

ماہ رمضان رحمتوں،برکتوں کے ساتھ رب کوراضی کرنے کا ہے مہینہ :قاری نجم الحسن

پرتاپ گڑھ, (یواین آئی) دنیا میں جب بھی کچھ ہوتاہے تو اسلام دشمن عناصر اسلام کے ماننے والوں کو ہی کیوں نشانہ بناتے ہیں؟یہ بات مسلمانوں کو پریشان اور بے چین کئے رہتی ہے لیکن ہمیں معلوم ہوناچاہئے اسلام کے ماننے والے ہمیشہ قربانیوں کو پسند کرتے ہیں ۔ مذہب اسلام پیغام دیتا ہے کہ اپنے اخلاق وکردار درست رکھ کر محبت کا درس دیتے رہو اور ہر کسی کاخیال رکھو۔ تنظیم ملت اسلامیہ اترپردیش کے سکریٹری قاری نجم الحسن انصاری نے جاری پریس ریلیز کے ذریعہ مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔
قاری نجم الحسن نے کہا کہ مذہب اسلام سب سے بہترین اور سچا مذہب ہے اس کے ماننے والے بھی سب سے افضل اور برتر ہیں لیکن صرف زبانی کچھ نہیں ہونے والاہے اللہ کی بڑائی اور کبیرائی کو زبان سے نہیں بلکہ سچے دل سے اقرار کریں۔اور جب ہم اللہ کی محبت کو دل میں اتار لیں گے دین پر چلنا آسان ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں حالات سے گھبرانے اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اللہ پر مکمل اعتماد اور حکومت کی ہدایات پر پوری ایمانداری سے عمل درآمد کرناہوگا، کیونکہ مذہب اسلام کادرس ہے کہ کوئی تمہارے ساتھ براسلوک کرتاہے تو اس کے ساتھ براسلوک نہ کرکے پیارومحبت سے پیش آناچاہئے اور یہ عمل ہمارے نبی سے ملتاہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کامہینہ بڑابابرکت،رحمت اورعظمت والا مہینہ ہے اس میں ہم ایک دوسرے کے گلے شکوے کو دور کرکے اپنے اندر اتحاد،پیار ومحبت پیداکریں اور موجودہ وباکے پیش نظر حکومت کی ہدایات کی پاسداری کرتے ہوئے گھروں میں رہیں۔زیادہ سے زیادہ قرآن کی تلاوت توبہ استغفار کریں۔ خود احتیاط برتیں اور دوسروں کو احتیاط برتنے کے لئے بیدار کریں۔اللہ ایمان والوں کے ساتھ کل بھی تھا اور آج بھی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوارنٹائن کئے گئے لوگوں کی سہولت کے جہاں تمام انتظامات ہیں وہی مسلمانوں کے لئے کوارنٹائین سینٹروں میں سحری اور افطاری کا بھی بہتر نظم کیاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں