32

راہل نے بمراہ کا دفاع کیا

سڈنی، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان لوکیش راہل نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز گنوانے کے بعد تنقید کا سامنا کرنے والے تیزگیندباز جسپریت بمراہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد واپسی کریں گے ۔
بمراہ آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں میں ابتک کچھ خاص گیندبازی نہیں کرسکے ہیں۔ انہوں نے پہلے مقابلے میں دس اوور میں 73 رن دے کر ایک وکٹ اور دوسرے میچ میں دس اوور میں 79 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ دو میچوں میں 20 اوور کی گیندبازی میں 152 رن لٹانے والے بمراہ موجودہ سیریز میں ٹیم انڈیا کے مہنگے تیزگیندباز ثابت ہوئے ہیں جس کے بعد کرکٹ دنیا میں سوال اٹھایا جارہا ہے کہ آئی پی ایل میں زبردست گیندبازی کرنے والا یہ گیندباز ون ڈے میں جدوجہد کررہا ہے۔
راہل نے دوسرے میچ کے بعد اتوار کے روز پریس کانفرنس میں بمراہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی کو پتہ ہے کہ بمراہ میں صلاحیت ہے اور وہ میدان میں کافی اہم گیندباز ہیں۔ انہیں خود سے کافی امیدیں ہوتی ہیں۔ نیوزی لینڈ دورے کو کافی وقت گزر چکا ہے اور مجھے یقین ہے کہ انہوں نے اس کے بعد کافی اچھی تیاری کی ہوگی۔ ٹیم میں سبھی کو بمراہ کی اہمیت معلوم ہے۔
اس سال بمراہ نیوزی لینڈ کے دورے پر بھی فلاپ ثابت ہوئے۔ انہوں نے تین میچوں میں مجموعی طور پر 30 اوورز کی گیندبازی کی جس میں 167 رنز لٹائے اور ان کے حصہ میں ایک بھی وکٹ نہیں آیا۔ پچھلے نو ون ڈے میچوں میں ، بمراہ کو صرف چار وکٹیں ملی ہیں۔ بمراہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم انڈیا شدید دباؤ میں ہے۔ لیکن راہل نے ان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئےکہا کہ وہ جلد ہی واپسی کریں گے۔انہوں نے کہا ’ ہمیں پوری امید ہے کہ بمراہ جیسا چیمپئن واپسی کرتے ہوئے ہمارے لئے وکٹ حاصل کرے گا۔ یہاں کی وکٹ بلے بازی کے لئے فائدہ مند ہے۔ یہاں کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کے اہم گیندباز وکٹ حاصل نہیں کرپاتے ہیں۔ اس میں ایسا کچھ انوکھا نہیں ہے۔

کیٹاگری میں : Sports

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں