17

بمراہ چوتھے اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔

سڈنی، زخمی کھلاڑیوں کے حوالے سے ہندوستان کی مشکلیں بڑھتی جا رہی ہیں اور اب اس کے اہم تیز گیندباز جسپریت بمراہ پیٹ میں کھینچاؤ کے سبب آسٹرلیا کے خلاف 15 جنوری سے برس بین میں ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پیر کی رات بیان جاری کرکے بتایا تھا کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی ہڈی ٹوٹنے کے سبب چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اسی کے اگلے دن اب یہ خبر آ رہی ہے کہ بمراہ بھی چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم مینیجمنٹ بمراہ کے حوالے سے کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہے جن کے پیٹ کی عضلات میں کھینچاؤ ہے۔ بمراہ اس کھینچاؤ کے سبب سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ کی دوسری پاری میں پریشان بھی نظر آئے تھے۔
بمراہ کے علاوہ ہندوستان بلے باز مینک اگروال کی فٹنیس کے حوالے سے بھی فکرمند ہے جنھیں میلبورن میں نیٹس میں چوٹ لگ گئی تھی۔ علاوہ ازیں آف اسپنر آر اشون اور بلے باز ہنوما وہاری کی فٹنیس کے حوالے سے بھی تشویش قائم ہے۔ اشون کی پیٹھ میں کھینچاؤ ہے اور انھیں سڈنی ٹیسٹ میں پسلیوں میں شارٹ پچ گیند بھی لگ گئی تھی جبکہ ہنوماوہاری کو ہَیمسٹرنگ چوٹ ہے جو انھیں سڈنی میں دوسری پاری میں سنگل لیتے وقت لگی تھی۔
اشون اور ہنوما نے چوٹ کے باوجود سڈنی میں معاون بلے بازی کی تھی اور 42.4 اوور تک بلے بازی کرکےمیچ ڈرا کروایا تھا۔
بمراہ تیسرے ہندوستانی گیندباز ہیں جو سیریز کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ محمد سمیع ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں اور امیش یادو میلبورن میں دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔
علاوہ ازیں بلے باز ایل راہل نیٹ پریکٹس میں کلائی میں چوٹ لگنے کے سبب سیریز سے باہر ہو گئے اور انھیں وطن واپس لوٹنا پڑا۔ زخمی کھلاڑیوں کی لسٹ میں اب بمرا ہ کا نام آ گیا ہے۔
ہندوستان کے پاس تیز گیندباز وں میں اب محمد سراج اور نودیپ سینی کے علاوہ شاردل ٹھاکر اور ٹی نٹراجن رہ گئے ہیں۔ سراج کے پاس دو ٹیسٹ اور سینی کے پاس ایک ٹیسٹ کا تجربہ ہے۔ ٹھاکر نے اپنا واحد ٹیسٹ 2018 میں کھیلا تھا جبکہ بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز نٹراجن کو اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنا ہے۔

کیٹاگری میں : Sports

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں