الہ آباد ہائی کورٹ کا یوپی مدرسہ ایکٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ مسترد

 

نئی دہلی، سپریم کورٹ نے منگل کو الہ آباد ہائی کورٹ کے 22 مارچ 2024 کے فیصلے کو مسترد کر دیا، جس میں 'اتر پردیش مدرسہ ایکٹ 2004' کو غیر آئینی اور سیکولرازم کے اصول کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے انجم قادری اور دیگر کی طرف سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ قانون اتر پردیش میں تعلیم کے معیار کو منظم کرتا ہے۔
بنچ نے کہا، ’’تعلیمی اداروں کا نظم و نسق کرنے کا اقلیتوں کا حق مطلق نہیں ہے اور ریاست اس طرح کی تعلیم کے معیار کو ریگولیٹ کرسکتی ہے‘‘۔
بنچ نے قانون کی درستگی کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست کے لیے ضروری ہے کہ وہ مدارس کو ریگولیٹ کرے تاکہ وہاں تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ عدالت نے کہا کہ یہ قانون ریاست کو معیارات طے کرنے کے لیے قواعد بنانے کا اختیار دیتا ہے۔
تاہم بنچ نے کہا کہ ایکٹ، جس حد تک یہ 'فاضل' اور 'کامل' ڈگریوں کے حوالے سے اعلیٰ تعلیم کو منظم کرتا ہے، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) ایکٹ سے متصادم ہے اور کسی حد تک غیر آئینی ہے۔

About The Author

Latest News