انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور پہلے ہی اوور میں فل سالٹ (0) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ انہیں عقیل حسین نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان جوس بٹلر نے ول جیکس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی شراکت ہوئی۔ روماریو شیفرڈ نے 13ویں اوور میں ول جیکس کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ ول جیکس نے 29 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ اسی اوور میں شیفرڈ نے جوس بٹلر کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ بٹلر نے 45 گیندوں میں آٹھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر 83 رنز بنائے۔ لیام لیونگسٹن (23) اور جیکب بیتھل (تین) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ نے 14.5 اوورز میں تین وکٹوں پر 161 رنز بنانے کے بعد سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ کپتان جوس بٹلر کو 83 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عقیل حسین نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا، ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ نے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات بہت خراب رہی اور 35 کے سکور پر اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ برینڈن کنگ (1)، ایون لیوس (8) اور روسٹن چیز (13) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 11ویں اوور میں لیام لیونگسٹن نے نکولس پوران (14) کو سالٹ کے ہاتھوں اسٹمپ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ شرفن ردرفورڈ (ایک)، گڈاکیش موتی (نو) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان روومین پاول نے ٹیم کی جانب سے 41 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ روماریو شیفرڈ نے 12 گیندوں میں (22) رنز بنائے۔ میتھیو فورڈ (13) اور ٹائرنس ہندس (پانچ) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود، لیام لیونگسٹن اور ڈین موسلی نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ عادل رشید اور جوفرا آرچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔