کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ کے خلاف پنجاب میں احتجاج شروع، پولیس فورس تعینات
ایس جی پی سی اور دیگر سکھ تنظیموں کے ارکان ریاست بھر کے سنیما ہالوں کے باہر جمع ہوئے ہیں۔ تاہم فلم چندی گڑھ میں ریلیز ہوئی ہے جہاں کوئی احتجاج نہیں کیا جا رہا ہے۔ سکھ تنظیموں کے احتجاج کے پیش نظر امرتسر میں پی وی آر سورج چندا تارا سنیما کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پٹیالہ، لدھیانہ اور موہالی وغیرہ میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔ سنیما ہالز میں بکنگ جمعرات تک کی جا رہی تھی جو آج منسوخ کر دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فلم 'ایمرجنسی' آج ملک بھر میں ریلیز ہو رہی ہے جس کی ایس جی پی سی نے شدید مخالفت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے فلم پر پنجاب میں پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (SGPC) کے صدر ہرجیندر سنگھ دھامی نے جمعرات کو پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کو ایک خط لکھ کر فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کی پروڈیوس کردہ فلم 'ایمرجنسی' 17 جنوری 2025 کو پنجاب کے مختلف شہروں کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے اور اس کے ٹکٹ بھی بک ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس جی پی سی نے اس فلم کے حوالے سے عبوری کمیٹی کی قرارداد کے ذریعے 28 ستمبر 2024 کو پنجاب حکومت کے چیف سیکرٹری کو پہلے ہی خط لکھا تھا اور پنجاب میں کنگنا رناوت کی فلم ایمرجنسی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فلم 'ایمرجنسی' کو پنجاب میں نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ یہ سکھوں کو بدنام کرنے کے مقصد سے سیاسی انداز میں بنائی گئی ہے۔