نوجوان ملک کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد ہیں: مودی

نوجوان ملک کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد ہیں: مودی

 

نئی دہلی: نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قوم کی تعمیر میں ان کی فعال شرکت سے قوم تیزی سے ترقی کرتی ہے اور عالمی پلیٹ فارم پر اپنی شناخت قائم کرتی ہے۔
مسٹر مودی نے ہفتہ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ یہاں ایک ملازمت میلے سے خطاب کیا اور مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں 51,000 سے زیادہ نو تعینات نوجوانوں کو تقرری کے خطوط تقسیم کئے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کے لیے نئی ذمہ داریاں شروع ہو گئی ہیں جن میں ملک کے معاشی ڈھانچے کو مضبوط کرنا، داخلی سلامتی کو مضبوط بنانا، جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر میں کردار ادا کرنا اور محنت کشوں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لانا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ایمانداری کے ساتھ یہ نوجوان اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے اس کا ہندوستان کے ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر پر مثبت اثر پڑے گا۔
جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد اس کے نوجوان ہوتے ہیں، جب نوجوان ملک کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں تو وہ قوم تیزی سے ترقی کرتی ہے اور عالمی پلیٹ فارم پر اپنی شناخت قائم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہندوستان کے نوجوان اپنی محنت اور اختراع کے ذریعے دنیا کو اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر قدم پر اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگار کے مواقع بڑھتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکل انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے اقدامات نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ ان مہمات کے ذریعے حکومت ہندوستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

About The Author

Latest News